عمران خان نے ملک گیرحکومت مخالف تحریک کا فیصلہ کرلیا

Imran Khan

Imran Khan

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نوازحکومت کیخلاف جاری احتجاجی تحریک کو ملک بھر میں پھیلانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور احتجاجی تحریک کو اگلے مراحل میں منتقل کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

پی ٹی آئی قیادت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں عوامی جلسے منعقد کرے گی جن سے عمران خان خطاب کریں گے، بلوچستان کے دورے میں عمران خان وہاں پارٹی کی تنظیم نوکریں گے، کوئٹہ ، گوادر اور دیگر 5 اضلاع میں مرحلہ وارجلسے ہوں گے۔

کے پی کے میں پشاور، بنوں سمیت 10 اضلاع میں جلسے کیے جائیں گے،ان جلسوں کا شیڈول جلد مرتب کیا جائے گا، حکومت کے خلاف کرپشن کی شکایات کے معاملے پرسپریم کورٹ سے رجوع کیاجائے گااوراس حوالے سے آئینی درخواست دائرکی جائیگی۔

حکومت مخالف تحریک کو منظم طریقے سے چلانے کے لئے قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔ کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف پر استعفیٰ دینے کادباؤ بڑھانے کیلیے عوامی سطح پر آگہی مہم چلانے کا بھی عندیہ دیاہے۔

گونواز گو مہم چلائی جائیگی،اگر حکومت نے پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم نہیں کیے اور وزیراعظم نواز شریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو پھر لاہور، کراچی ، پشاوراور کوئٹہ میں اسلام آباد طرز کے دھرنے دیے جائیں گے۔تحریک انصاف نواز حکومت کے خاتمے کیلیے حتمی سیاسی سرگرمیوں کاآغاز آئین وقانون کے دائرہ کارمیں رہتے ہوئے کرے گی۔