عمران خان کا21 اکتوبر کو لاڑکانہ میں جلسہ کرنے کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گو نواز گو گالی نہیں جمہوریت کے عین مطابق ہے اور ہم نعرے لگانے پر لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے بادشاہوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم قوم کو ان کے حقوق کے لئے جگا رہے ہیں اور دھرنے نے اس سلسلے میں بہت اہم کام کیا ہے، یہی وجہ سے ہے کہ ملک میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہورہا ہے۔ دھرنوں ہی کی وجہ سے انقلاب گھر گھر پہنچا اورآج گو نواز گو کا نعرہ بچے بچے کی زبان پر آگیا ہے یہ گالی نہیں، جمہوری معاشرے میں نعرہ لگانا ہر ایک کا بنیادی حق ہے لیکن گزشتہ روز وزیر آباد میں نعرہ لگانے والے کو مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی نے تشدد کا نشانہ بنایا جو کہ غیر جمہوری تھا۔ مریم نواز اور شہباز شریف نے گزشتہ روز جس طرح کی بات کی وہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے اور اسی کو بادشاہت کہتے ہیں جس کے خلاف ہم لڑرہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میانوالی ان کا آبائی حلقہ ہے اور اسی شہر سے وہ پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اس لئے انہوں نے کراچی اور لاہور میں جلسہ عام کے بعد میانوالی جانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 21 اکتوبر کو لاڑکانہ میں جلسہ کرے گی۔