عمران خان کی مقبولیت سے حکومت بوکھلاہٹ میں مزید غلطیاں کرے گی۔ عبد العلیم خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جی پی آئی) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی ملک گیر مقبولیت نے حکمرانوں کے اوسان خطا کر دیئے ہیں اور حکومت بوکھلاہٹ میں مزید غلطیاں کرے گی انہوں نے کہا کہ ہر شہر سے پی ٹی آئی کو ملنے والی پذیرائی اس امر کا ثبوت ہے کہ سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ پرانے نعروں سے باریاں لینے والوں کی ہر قیمت پر رخصتی چاہتے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہ اکہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ملک کو داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر چیلنجوں کا سامنا ہے جبکہ بھاری مینڈیٹ کا دعوی کرنے والوں کے پاس ان مسائل کا کوئی حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ نبھایا ہے اور ملکی سیاسی تاریخ کا سب سے طویل دھرنا اور احتجاج کرکے عوام نے ثبوت دے دیا ہے کہ دھاندلی زدہ جمہوریت انہیں کسی قیمت پر قبول نہیں۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا بالخصوص بھارتی جارحیت کے معاملے پر حکمرانوں کی خاموشی و بے حسی قابل مذمت ہے جو صرف اپنا بزنس بچانے کے لیے معصوم شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اب جلد حکمرانوں کو جانا ہوگا اور عوام کی صحیح معنوں میں منتخب اور ایک جمہوری حکومت منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ گو نوازگو کے نعرے اور خواب کی حقیقت کا وقت بہت قریب ہے۔ جب تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد رنگ لائے گی۔