عمران خان کی احتجاجی سیاست سے حکمرانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، جاوید ہاشمی

Javed Hashmi

Javed Hashmi

ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پارٹی چیرمین عمران خان کی احتجاجی سیاست کی وجہ سے حکمرانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی سوچ بری نہیں لیکن آئین میں مارشل لاء کی کوئی گنجائش نہیں ہے، مارشل لاء کا راستہ میں نے نہیں سول سوسائٹی نے بند کیا ہے، اب بھی عمران خان کا بہت بڑا حامی ہوں تاہم تحریک انصاف کی احتجاجی سیاست کی وجہ سے حکمرانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے کہا کہ پارلیمنٹ کے دروازے بند کرنا ہمارا حق نہیں، سپریم کورٹ، عسکری ادارے اور پارلیمنٹ لوگوں کے مسائل حل کریں، خان صاحب سے کہا کہ حکومت پر تنقید کریں لیکن پارلیمنٹ کے خلاف بات نہ کی جائے۔ ملک میں نئے صوبوں کا قیام انتہائی ضروری ہے، اگر نئے صوبے نہ بنائے گئے تو ملک باقی نہیں رہے گا۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے ان پر ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کے حوالے سے لگائے گئے الزامات پر جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ شاہ محمود تحریک انصاف کے ترجمان بنیں ن لیگ کی ترجمانی مت کریں، میں نے مسلم لیگ (ن) یا پیپلزپارٹی سے ٹکٹ مانگا اور نہ ہی انھوں نے دیا، این اے 149 کےضمنی انتخابات میں حصہ لینے یانہ لینے کا فیصلہ ایک دو روز میں کروں گا لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ این اے 149 پر شاہ محمود قریشی (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے ترجمان ہیں۔

واضح رہے کہ جاوید ہاشمی تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے اختلافات کی بناء پر آزادی مارچ چھوڑ کر چلے گئے تھے اور پھر 2 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اپنی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مخدوم جاوید ہاشمی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 261 کے لئے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے 8 نومبر کو پولنگ کا اعلان کیا ہے۔