عمران خان کے زخمی ہونے کا کرب پوری قوم نے محسوس کیا جلد صحت یابی کیلئے دعا گوہوں،خواجہ طاہر ضیائ

لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے راہنما خواجہ طاہر ضیا نے کہا ہے کہ عمران خاں کے زخمی ہونے کا کرب پوری قوم نے محسوس کیا،ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں ۔انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہی نے سب سے پہلے اس حادثہ پر عمران خان سے اظہار ہمدردی کیا جو خوبصورت جمہوری رویہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہماری سیاست میں تشدد اور عدم برداشت کا کلچر اپنی جڑیں گہری کر رہا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ قومی قیادت کا مخالفین کے دکھ پر دکھی ہونا اور ہمدردی کا اظہار کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں جمہوریت سن بلوغت کو پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قومی لیڈرشپ کی حفاظت کرے اس کے ساتھ ساتھ قومی قائدین خود بھی فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عام انتخابات کا عمل خوش اسلوبی سے انجام پذیر ہو۔