عمران اور قادری بے نقاب ہو گئے حکومت فساد نہیں پھیلانے دیگی ثناء اللہ

Rana Sana Ullah

Rana Sana Ullah

فیصل آباد (جیوڈیسک) سابق صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ قوم متحد ہو کرجشن آزادی منا رہی ہے اور کسی فسادی مولوی کو ملک کے مقدر سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ عمران اور طاہر القادری کا ایجنڈا سامنے آگیا ہے ،کسی کو فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرسید ٹاؤن میں جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ایم این اے میاں عبدالمنان ، ارکان صوبائی اسمبلی شیخ اعجاز احمد، فقیر حسین ڈوگر، الیاس انصاری، راؤ کاشف رحیم، شعیب ادریس، نعیم اﷲ گل، عثمان کھرل، جعفر علی ہوچہ اور سابق ایم پی اے خواجہ اسلام کے علاوہ شرافت علی خٹک، شیخ اعظم یاسین، علی اصغر بھولا گجر اور دیگر کارکنوں نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

رانا ثناء اﷲ نے طاہر القادری کی طرف سے شریف خاندان سے متعلق غلیظ زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فسادی مولوی اپنے پیروکاروں کو گمراہ کررہا ہے۔ اور واقعہ کربلا سنا کر اپنی حفاظت کے لئے ان کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کی ہے اور ایسی خلاف شریعت باتیں کی ہیں جو کہ ایک پاگل اور گمراہ شخص ہی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لئے قربانیاں دیں اور خود گرفتاریاں پیش کیں لیکن فسادی مولوی گرفتاری سے ڈرتا ہے اور اپنے کارکنوں کو قتل و غارت اور قانون شکنی کے لئے اکسا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور ملک کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے انہوں نے کہا کہ یہ طاہر القادری کی خام خیالی ہے کہ وہ پندرہ بیس ہزار مریدین کے ساتھ اسلام آباد جا کر ملک پر قبضہ کرے گا لیکن نواز شریف کے اشارے پر مسلم لیگ کے کارکن ملک اور جمہوریت کی بقا کے لئے جانیں دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین سیاسی یتیموں شیخ رشید، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی بھی طاہر القادری کے پندرہ بیس ہزار مریدین سے مل گئے ہیں۔

انہوں نے قیادت سے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کو اسلام آباد جانے دیا جائے وہ خود ہی ذلیل و خوار ہو کر واپس آجائیں گے۔ رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں جس نے پہلے چار حلقوں کے بارے میں دھاندلی کا الزام لگایا اور جلسوں میں کہا کہ وہ حکومت گرانے کے لئے جلسے نہیں کر رہے اور بعد میں آزادی مارچ کا پروگرام بنایا۔ عمران خان اور طاہر القادری مل کر ملک میں فتنہ فساد پھیلانے کا ایجنڈا شروع کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم نواز شریف پہلے بھی عمران خان کے پاس گئے تھے اور اب بھی مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت و ترقی کے لئے کوئی انا نہیں ہونی چاہئے بلکہ جمہوریت کے استحکام کے لئے مل کر چلنا چاہئے۔ رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ پاکستان انشااﷲ قائم رہے گا اور عوام کے ووٹوں سے قائم ہونے والی حکومت بھی قائم رہے گی۔ کوئی فسادی مولوی یا خان بدامنی اور انتشار پھیلا کر اس ملک کے مقدر کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحد رہیں اور نواز شریف کی کال پر لبیک کہیں۔ اس موقع پر دیگر اراکین اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔