بھارت اور افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی اولین ترجیح ہے، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت اور افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانا پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی پہلی ترجیح یہ تھی کہ ملک کے اقتصادی حالات کو بہتر بنایا جائے لیکن یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہمسایہ ممالک بالخصوص بھارت اورافغانستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر نہ ہوں لہٰذا ملک کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے ہماری اولین ترجیح ان دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لئے ہم نے مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جبکہ افغان صدر حامد کرزئی کی بھی نواز شریف سے کئی ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہیں یہ یقین دلانے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان افغانستان میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں چاہتا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کافی بہتری آئی۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کے لئے خیر سگالی کے تحت کئی طالبان قیدی بھی رہا کئے لیکن بدقسمتی سے ان دنوں افغانستان کی جانب سے منفی نوعیت کے بیانات سامنے آرہے ہیں جن میں پاکستان پر الزامات لگائے گئے حالانکہ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان کے حالات بہتر ہوں اور وہاں امن قائم ہو کیونکہ جب وہاں امن ہوگا تو پاکستان بھی پرامن ہوجائے گا۔