بھارت کے سابق صدر پرناب مکھرجی انتقال کر گئے

Pranab Mukherjee

Pranab Mukherjee

بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت کے سابق صدر پرناب مکھرجی انتقال کر گئے، اسپتال میں دوران علاج انکشاف ہوا کہ وہ کورونا وائرس کا بھی شکار تھے۔

اطلاعات کے مطابق 84 سالہ سابق بھارتی صدر پرناب مکھرجی دماغ میں موجود جمے ہوئے خون کو نکلوانے کیلئے اسپتال میں داخل تھے اور اس دوران 21 روز قبل ہونے والے چیک اپ میں معلوم ہوا کہ انہیں کورونا وائرس بھی ہے۔

پرناب مکھرجی کے بیٹے ابھیجیت نے اپنے والد کی موت کی تصدیق سوشل میڈیا پر کی ہے۔

51 سالہ سیاسی کیریئر میں پرناب مکھرجی 2012 سے 2017 کے دوران بھارت کے صدر رہے جبکہ ماضی میں وہ وزیر خزانہ، خارجہ اور دفاع بھی رہ چکے ہیں۔

پرناب مکھرجی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پرناب مکھرجی کا تعلق موجودہ اپوزیشن جماعت کانگریس سے تھا جو بھارت میں کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہی ہے تاہم گزشتہ دو عام انتخابات میں کانگریس کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا ہے۔

پرناب مکھرجی نے 1960 کی دہائی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی جب اندرا گاندھی بھارت کی وزیراعظم تھیں۔

1986 میں پرناب مکھرجی نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کرکے اپنی جماعت بنالی تھی تاہم دو برس بعد واپس کانگریس میں آگئے تھے۔