بھارت اور اسرائیل سے پیسہ عمران خان کو دیا گیا، چور چور کرنے والا خود چور نکلا، مریم نواز

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن کے باہر حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ چور ، چور کی گردان کرنے والا خود چور نکلا۔

مریم نواز نے کہا کہ کہا جب دھڑا دھڑ پیسہ آرہا تھا تب پتا نہیں تھا، جواب دینا پڑا تو ایجنٹس یاد آگئے، اگر یہ سب تمہارے ایجنٹس نے کیا ہے تو ذرا یہ بھی بتادو کہ 2018 کے الیکشن میں تمہارے بیلٹ باکسز میں ووٹ کس ایجنٹ نے ڈالے تھے؟

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کیس تو دنوں میں چلتا ہے اور دنوں میں ختم ہوجاتا ہے ، پاکستان کے سب سے بڑے فراڈ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سات سال میں نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل سے پیسہ عمران خان کو دیا گیا، عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، چوری نہیں کی تو اتنی بار سماعت ملتوی کرانے کی درخواست کیوں کی؟

مریم نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوگوں سے فنڈ لو گے تو مودی کی کامیابی کی دعائیں بھی مانگی جائیں گی، الیکشن کمیشن کی ناکامی اور خاموشی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں، جب آر ٹی ایس بند کیا گیا تو الیکشن کمیشن نے کیوں نوٹس نہیں لیا؟

انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر نااہل اور نالائق شخص کو حکمران بنایا گیا تو الیکشن کمیشن کیوں نہیں بولا؟ آج کمر توڑ منہگائی ہے ، عوام پر پیٹرول بم گر رہے ہیں ، الیکشن کمیشن بھی شریکِ جرم ہے۔