انڈونیشیا: بس حادثے میں 25 افراد ہلاک

Indonesia Bus Accident

Indonesia Bus Accident

سماٹرا (اصل میڈیا ڈیسک) انڈونیشیا میں ایک بس حادثہ میں کم ازکم 25 افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ جنوبی سماٹرا صوبہ میں پیر کو رات دیر گئے اس وقت پیش آیا، جب بس ایک گہری کھائی میں گرنے کے بعد ندی میں ڈوب گئی۔

مقامی پولیس کے ترجمان ڈالی گومارا نے بتایا کہ بس بینگ کولو سے جنوبی سماٹرا کے دارالحکومت پالیمبانگ جا رہی تھی۔ بس نصف شب سے ذرا پہلے ڈیڑھ سو میٹر گہری کھائی میں جا گری۔ انہوں نے مزید بتایا،”بس کھائی میں گرنے سے پہلے سڑک پر رکاوٹ کے لیے رکھے گئے کنکریٹ کے ایک بیریئر سے ٹکرائی تھی۔ ”

کھائی میں گرنے کے بعد بس ندی میں ڈوب گئی۔ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ امدادی ٹیم کے سربراہ بریٹی کوواس کے مطابق ”لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے اور کچھ غوطہ خور پانی میں ڈوبے ہوئے لوگو ں کو تلاش کر رہے ہیں۔”

ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم بھی نہیں ہو سکا ہے کہ حادثے کے وقت بس میں کتنے مسافر سوار تھے۔ تاہم بچ جانے والے مسافروں کے مطابق بس میں کم از کم پچاس افراد سفر کر رہے تھے۔

حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ انڈونیشیا میں سڑک حادثات عام ہیں۔ بالخصوص دیہی علاقوں میں عام طور پر بنیادی ڈھانچے کی صورتحال کافی خراب ہے۔ ستمبر میں مغربی جاوا کے سوکابومی علاقے میں ایک بس کے گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم اکیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔