انڈونیشیا : پولیس سٹیشن پر خودکش حملہ، حملہ آور ہلاک

Indonesia Police Station

Indonesia Police Station

جکارتہ (جیوڈیسک) انڈونیشیا میں پولیس سٹیشن پر خودکش حملہ ہوا جس میں حملہ آور ہلاک جبکہ پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ جکارتہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل سسنادی نے بتایا کہ پوسو کے وسطی علاقے سلاویسی قصیر میں گذشتہ صبح ایک شخص پولیس سٹیشن میں گھسنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکے سے نزدیک ہی تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں کو نقصان پہنچا جبکہ کوئی پولیس اہلکار ہلاک نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ پولیس سٹیشن کی مسجد کے نزدیک ہوا ہے۔ انڈونیشیا میں 1998 سے 2002 تک مسلم، عیسائی لڑائی کے دوران ایک ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

دنیا کی بڑی مسلم آبادی والے ملک میں 2002 کے بالی بم دھماکوں کے بعد دہشت گرد حملوں کا سلسلہ شروع ہے جن میں 202 افراد مارے گئے ہیں جن میں زیادہ تر غیر ملکی سیاح ہیں۔