ہمارے مفادات پر حملہ کیا تو ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں‌ گے: ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے ہمارے مفادات کو نقصان پہنچایا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔ انہوں‌ نے الزام عاید کیا کہ ایرانی لیڈر قوم کا پیسہ دہشت گردی کے فروغ پر صرف کر رہے ہیں اور یہ صرف طاقت کی زبان جانتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ‌ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ’ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں صدرٹرمپ نے کہا کہ خطے میں ہمارے مفادات کو نقصان پہنچانا ایران کو مہنگا پڑے گا اور تہران کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔

قبل ازیں تہران نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باعث سفارتی مساعی ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں‌ نے وائٹ ہاوس کے طرز عمل کو احمقانہ قراردیا۔

اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی لیڈروں کے بیانات شدید جہالت اور توہین پرمبنی ہیں۔ ان کے بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ حقائق سےواقف نہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے مفادات پرحملہ ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے۔

ادھر امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری اور بیلسٹک میزائلوں کی وجہ سے پورے خطے کی سلامتی کےلیے خطرہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔

جان بولٹن نے کہا کہ شام میں ایران کی موجودگی خطرہ ہے۔ انہوں‌نے بتایا کہ روسی حکام بھی متعدد بار شام سے ایرانیوں کی واپسی کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔

انہوں‌نے شام میں موجود ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائوں کو نکالنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جان بولٹن نے کہا کہ اگر ایران مسائل کے حل میں سنجیدہ ہوتا تو جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرتا۔

جان بولٹن نے بحرین میں منعقدہ بین الاقوامی معاشی کانفرنس میں فلسطینیوں کی عدم شرکت’غلطی’ قراردیا۔ انہوں‌نے امریکا کے مشرق وسطیٰ امن معاہدے کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا تاہم ان کاکہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں اور اسرائیلیوں‌ کے درمیان ایک ایسا معاہدہ کرانا چاہتے ہیں جو دونوں کےلیے قابل قبول ہو۔