ایران سے کشیدگی؛ اسرائیل امریکا سے مل کر نئی بیلسٹک میزائل شیلڈ بنا رہا ہے!

Israel Ballistic Missiles

Israel Ballistic Missiles

اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیل ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں امریکا کے اشتراک سے نئی بیلسٹک میزائل دفاعی شیلڈ تیار کررہا ہے۔اس نے اس نئے میزائل دفاعی نظام کو ’’تیر4‘‘(Arrow-4)کا نام دیا ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’تیر-4 ایک جدید اور جدّت پسند میزائل دفاعی نظام ہوگا۔یہ میزائل کو روکنے اور ناکارہ بنانے کی جدید صلاحیتوں کا حامل ہوگا۔یہ خطے میں اُبھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کا بھی حامل ہوگا اور آیندہ عشروں کے دوران میں تیر-2 کی جگہ لے گا۔‘‘

اسرائیل نے یہ نئی میزائل ڈھال امریکی فرم بوئنگ کے اشتراک سے تیارکی ہے۔اسرائیل کا تیر-3 فضا میں آنے والے میزائلوں کو مارگرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ کسی بھی قسم کے غیرروایتی ہتھیاروں کو بلانقصان تباہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔اسرائیل نے اس کا پہلا تجربہ 2015ء میں بحرمتوسط میں کیا تھا اور 2017 میں اس کو اسرائیل میں نصب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل ایک عرصے سے ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے پروگرام کو اپنے وجود اور عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتا چلا آرہا ہے جبکہ ایران کا یہ کہنا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور وہ جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ہے۔