اسلام آباد سے بارسلونا پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز حادثہ سے بچ گئی

PIA

PIA

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد پی آئی اے کی فلائٹ 795 PK جو اسلام آباد سے بارسلونا پہنچی تھی حادثہ سے بال بال بچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے بارسلونا آنے والی فلائٹ اس وقت حادثہ سے بال بال بچ گئی جب فلائٹ کے کیپٹن احد احمد نے بارسلونا ایئر پورٹ کے ٹاور سے رن وے پر اترنے کے لئے کلیئرنس مانگی، ٹاور نے کلیئرنس دے دی۔

کلیئرنس ملنے کے بعد کیپٹن احد احمد نے طیارہ کو بلندی سے رن وے کی جانب اتارنا شروع کر دیا۔طیارہ جب رن وے سے 100 میٹر کی بلندی پر رہ گیا تو کیپٹن احمد نے دیکھا کہ جس رن وے پر طیارہ اتارا جانا ہے اس پر قطر ایئر لائن کا ایک طیارہ پہلے سے موجود ہے اور وہ انتہائی سست رفتاری سے رن وے پر چل رہا ہے، جبکہ رن وے پر طیارے کو اترنے کے بعد اسکو خاص رفتارسے چلایا جاتا ہے جبکہ قطر ایئر لائن کے طیارہ کی رفتار انتہائی کم تھی۔

اگر پی آئی اے کا پائلٹ طیارہ رن وے پر اتار دیتا تو دونوں طیارے آپس میں ٹکرا جاتے۔ کیپٹن احد احمد نے ٹاور سے فورا دوبارہ رابطہ کیا تو ٹاور سے جواب ملا کہ go aroundجس کا مطلب ہے کہ جہاں ہو وہاں سے بھاگو اور اپنی جان بچا۔ کیپٹن احد احمد نے اپنے حواس پر قابو رکھتے ہوئے طیارہ کو دوبارہ فضا میں بلند کر لیا جس سے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

پاکستان قومی ایئر لائن کا طیارہ ایک گھنٹہ فضامیں اڑتا رہا اس کے بعد دوبارہ لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔طیارے میں 250 مسافر سوار تھے۔ اس معاملے کو قطر ایئر لائن کے طیارے کی سست رفتاری اور ٹاور کی غلط اطلاع قرار دیتے ہوئے بارسلونا ایئر پورٹ کی
انتظامیہ کو شکایت درج کرا دی گئی ہے۔