اسلام آباد ریڈ زون کی سیکورٹی فوج کے حوالے کر دی گئی

Army

Army

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کے اعلانات کے بعد حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کی سیکورٹی فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے تین حصار بنائے گئے ہیں جن میں سے پہلا پولیس، دوسرا رینجرز جبکہ تیسرا فوج کے پاس ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سیاسی صورتحال پر ساڑھے 3 گھنٹے تک مشاورت ہوئی جس کے بعد حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کی سیکورٹی افواج پاکستان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے تین حصار بنائے گئے ہیں جن میں سے پہلا پولیس، دوسرا رینجرز جبکہ تیسرا فوج کے پاس ہوگا۔ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کھیل کے میدان میں تمام پاکستانیوں کے رول ماڈل رہے ہیں۔

ان سے گزارش ہے کہ وہ سیاست کے میدان میں بھی نوجوانوں کیلئے ایک رول ماڈل کا کردار ادا کریں۔ تشدد سے صرف تشدد ہی اُبھرتا ہے۔ عمران خان ملک میں غلط روایات نہ ڈالیں۔ عمران خان نے ریڈ زون نہ جانے کی یقین دہانی کروائی جس کا ریکارڈ میرے پاس موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت سے رابطوں کے باوجود ہمیں وقت نہیں دیا گیا۔ جمہوریت کے اور پاکستان کے مستقبل کے نام پر ہم دونوں جماعتوں سے مذاکرات کی از سر نو کوشش کریں گے۔

ہم ایک بار پھر عمران خان اور طاہر القادری کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات کسی کی سمجھ میں کیوں نہیں آتی کہ 2013ء کے انتخابات ہم نے نہیں کروائے۔ حکومت 4 نہیں بلکہ 20 حلقوں کی جانچ پڑتال کیلئے تیار ہے۔