اسلام آباد: دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، بارود بھری کار برآمد

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، حساس ادارے نے گھر سے بارود بھری کار برآمد کر لی۔ اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں حساس ادارے نے کارروائی کے دوران ایک گھر سے بارودسے بھری کار اپنی تحویل میں لے لی۔ کار کے دروازوں اور سی این جی سلنڈر میں 125 کلو گرام بارود چھپایا گیا تھا۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کو فوری طلب کیا گیا۔ سکواڈ نے بارود کو ناکارہ بنا دیا اور کار کو تھانہ بارہ کہوہ منتقل کر دیا۔ کار نان کسٹم پیڈ ہے اور ایک گھر کے گیراج میں کھڑی تھی۔ گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا جو ایک اعلی پولیس افسر کا بھائی بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری کار کو اسلام آباد میں دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا تاہم مزید گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔