اسلام آباد: ریڈ زون میں ڈرامے کا ساڑھے 5 گھنٹے بعد ڈراپ سین

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد کے ریڈ زون میں ساڑھے پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما زمرد خان نے میدان مار لیا۔ ان کی دلیری اور بہادری کے باعث مسلح شخص سکندر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی بیوی اور بچوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

مسلح شخص سکندر نے چھے بجے کے قریب جناح ایونیو کے علاقے کو یرغمال بنا لیا تھا اور وقفے وقفے سے فائرنگ کرتا رہا۔ اس کی بیوی کنول نے سکندر کی طرف سے پولیس حکام کے ساتھ کئی بار مذاکرات کئے جو نا کام رہے۔ سکندر نے سرنڈر کرنے سے انکار کر دیا۔ رات سوا نو بجے کے قریب پولیس نے کار کے گرد ٹینٹ لگا دیئے۔

رات گیارہ بجے پیپلزپارٹی کے رہنما زمرد خان، سکندر سے مذاکرات کے لئے وہاں پہنچے۔ میاں بیوی سے بات چیت کے بعد زمرد خان نے جان کی بازی لگا دی۔ انہوں نے بچوں سے ہاتھ ملایا اور حملہ آور پر لپک کر اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ اس کوشش میں نا کام رہے اور حملہ آور کی ٹانگ پکڑتے ہوئے گر گئے۔

لیکن فورا ہی اٹھ کھڑے ہوئے۔ اس موقع پر سکندر نے زمرد خان کے پاس موجود اپنے بیوی بچوں کی بھی پروا نہ کی اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ زمرد خان، سکندر کی بیوی اور بچے ٹینٹ سے باہر کی طرف بھاگے اور خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔ فائرنگ ہوتے ہی فوج رینجرز اور پولیس کے اہلکار ایکشن میں آ گئے اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکندر کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔

سکندر کے پیٹ اور ٹانگ پر گولیاں لگیں۔ اسے اسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ سکندر کے بیوی بچوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ زمرد خان کو شہریوں نے خراج تحسین پیش کیا ہے جن کی دلیری کی وجہ سے مسلح شخص کو گرفتار کیا جا سکا۔