آزادی مارچ کسی صورت نہیں روکا جائے گا، ظریف نیازی

Pakistan Tehreek-e-Insaf

Pakistan Tehreek-e-Insaf

فیصل آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ظریف خان نیازی نے کہا ہے کہ 14 اگست کو آزادی مارچ کیلئے پارٹی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ چیئرمین عمران خان کا نئے پاکستان کی تشکیل بارے موقف واضح اور دو ٹوک ہے۔ تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں شامل ہونے والوں کیلئے کھانے پینے اور سونے کے علاوہ ہر طرح کے انتظامات مکمل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دنیا فورم میں گفتگو کے دوران کیا۔ظریف خان نیازی کا کہنا تھا کہ کارکن ہر رکاوٹ عبور کر کے اسلام آباد پہنچیں گے ۔حکومت کی جانب سے گرفتاریوں اور رکاوٹوں سے بچنے کیلئے تحریک انصاف کے پاس پلان (بی)تیار ہے۔

جبکہ 14 انتظامیہ کی جانب سے ردعمل کی صورت میں پلان سی بھی تیار ہے۔تحریک انصاف فیصل آباد یونین کونسل کی سطح پر کارکنان کو متحرک کرنے کیلئے سرگرم ہے۔ نوجوانوں کی آزادی مارچ میں دلچسپی حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے لیکن واضح رہے کہ نوجوانوں نے ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔تحریک انصاف نے آئین کے مطابق آزادی مارچ کی کال دی ہے تا کہ ملک سے بادشاہت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو سکے۔

نوز لیگ انتظامی مشینری کے ذریعے ہمارے کارکنان کو گرفتار کر رہی ہے جس سے حکمران وقت سے پہلے ہی ایکسپوز ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور ایک متوازن معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ کرپشن اور ڈویلپ مافیا سے پاک حکومت قائم ہو جس میں حقیقی عدلیہ اور غیر جانبدار انتظامیہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کی صبح راجہ نادر پرویز کی قیادت میں ایک بہت بڑی ریلی آزادی مارچ کا حصہ بنے گی اور حکمرانوں کو دوسرا دن دیکھنا نصیب نہیں ہو گا۔