اسرائیل پر حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا : نیتن یاہو

Netanyahu

Netanyahu

واشنگٹن (جیوڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی کو چیلنج نہیں کرنا چاہتے لیکن کسی کو اسرائیلی ریاست کو نقصان پہنچانے کی بھی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجامن نیتن یاہو نے گولان کی مقبوضہ پہاڑیوں پر اسرائیل کی فوجی مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے شام میں لڑنے والے فریقین کو متنبہ کیا کہ اسرائیل پر کسی طرح کا حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

گولانی انفنٹری بریگیڈ کی مشقوں میں حصہ لینے والے سپاہیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم کسی کو چیلنج نہیں کرنا چاہتے. لیکن کسی کو اسرائیل کی ریاست کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اِس کا جواب دیا جائے گا۔ اسرائیل نے 1967 میں لڑی جانیوالی مشرق وسطی کی جنگ میں شام کی گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا۔

شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران کبھی کبھار غلطی سے توپ خانے کی گولہ باری اور فائر اسرائیل کی سرزمین پر گرتے رہے ہیں جس کے باعث اس تشویش میں اضافہ ہوتا رہا ہے کہ یہ تنازع بڑھ سکتا ہے۔ اسرائیل کو فکر لاحق ہیکہ گولان کے بہانے مذہبی شدت پسند اسرائیل پر حملے کا سوچ سکتے ہیں جو صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے باغیوں کے ساتھ ساتھ لڑ رہے ہیں۔

نیتن یاہو نے بارہا کہا ہے کہ اسرائیل کا جنگ میں کودنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم فوجیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اِس بات کی طرف توجہ دلائی کہ وہ کئی قسم کے امکانات کو مدِنظر رکھ کر تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ہمارے اِردگِرد کے حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ یہ شورش زدہ اور تغیر پذیر صورتِ حال ہے اور ہمیں اِسے مدِنظر رکھتے ہوئے تیاری کرنی ہوگی۔