جعفرآباد سینئرسیکنڈری اسکول میں سالانہ جلسے کا انعقاد

دہلی(پریس ریلیز) گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول، جعفرآباد میں سالانہ جلسہ کا انعقاد انتہائی دھوم دھام سے کیا گیا۔پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سیلم پور اسمبلی حلقے کے ایم ایل اے چودھری متین احمدنے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل معروف احمد، عبدالعلیم برنی، چودھری سلیم اور دیگر مہمان بھی جلسے میں شریک ہوئے۔

اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر رام اوتار نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف ادبی، ثقافتی اور تفریحی پروگرام پیش کئے۔ بچوں کے ذریعہ پیش کی گئی استقبالیہ نظم سے پروگرام کا آغاز ہوا۔اس کے بعد بچوں نے گروپ سانگ، ڈرامہ، ڈانس اور لطائف پیش کیے۔ اس موقع سے ایک ”اسکولی مشاعرہ” کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں شعرائے کرام کی حیثیت سے طلبا شعراء نے شرکت کی۔نظامت کے فرائض اردو کے استاد اور نوجوان شاعر کامران غنی صبا نے انجام دئیے۔

محفل ِ مشاعرہ سے بچوں کے ساتھ ساتھ مہمانان بھی خوب لطف اندوز ہوئے۔ڈاکٹر معروف نے محفل مشاعرہ کے کامیابی کو دیکھ کر اُسی وقت یہ اعلان کیا کہ جلد ہی ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول اور گورنمنٹ بوائز سینئر سیکنڈری اسکول کے اشتراک سے ایک بڑا مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔

جس کی نظامت کامران غنی ہی انجام دیں گے۔اسکول کی سالانہ تقریب میں رواں سال مختلف مقابلوں میں بہترین کارکردگی انجام دینے والے طلبا کو
اعزاز سے نوازا گیا۔ اسکول کے تمام استاذہ کی خدمت میں بھی تحائف پیش کئے گئے۔ جلسہ میں اسکول کے تمام اساتذہ اور طلبا کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں سامعین نے شرکت کی۔ایس ایم ملک کے شکریہ کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔