جاگیردرانہ اور آمریت کے پروردہ عوام کو نچلی سطح پر اختیارات کے مخالف ہیں ،عوام کو اختیار دیئے بغیر ترقی کا خواب ممکن نہیں بنا یا جاسکتا

کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ملک بھر میں عوام کو نچلی سطح پر اقتدار کی منتقلی کی حامی واحد نمائندہ عوامی جماعت ہے ،فعال بلدیاتی نظام کے قیام اور عوام کو نچلی سطح پر اقتدار و اختیارات کی منتقلی کے مخالف جاگیر درانہ اور آمرنہ سوچ رکھتے ہیں ،عوام کے اختیارات کی منتقلی کے بغیر ترقی کا خواب کبھی ممکن نہیں بنایا جاسکتا۔

میٹرو پولیٹن میں تمام اختیارا کے ساتھ میٹرو پولیٹن طرز کا بلدیاتی نظام قائم کیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کی جانب سے قبل از وقت برساتی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے انتظامات کے معائنے کے لئے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں اور مرکزی کنٹرول روم کے دورے پر کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے متعلقہ محکموں کو افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران سے کہاکہ بلدیاتی سہولیات کی بروقت فراہمی اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لئے شکایتی مراکز کو فعال بنایا جائے عوامی شکایات کی برق رفتاری کے ساتھ ازالے کے لئے تمام تر محکمانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے علاقائی دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کی جانب سے رین ایمرجنسی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے رین ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کو یقینی بنا نے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کو مستقل بنیاد پر یقینی بنا کر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کی جانب سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران و عملے کو متوقع برسات کے پیش نظر متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔