جامشورو: نوجوان کی ہلاکت کیخلاف سپر ہائی وے پر جاری دھرنا ختم

Jamshoro

Jamshoro

جامشورو (جیوڈیسک) جامشورو کے قریب نوری آباد پولیس تھانہ میں مبینہ تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد اہل خانہ نے سپر ہائی وے پر دھرنا دیا جو 7 گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا۔ دھرنے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول عبدالغفور گبول کو چند روز قبل مین پوری اور گٹکا کا کاروبار کرنے پر پولیس نے حراست میں لیا تھا۔

پولیس کاموقف ہے کہ ملزم دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوا جبکہ ملزم کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ملزم کی ہلاکت پولیس کے مبینہ تشدد کے باعث ہوئی ہے۔ نوجوان کی ہلاکت کے خلاف ورثا نے شام 7 بجے سے رات 2:30 تک سپر ہائی وے پر احتجاج کیا اور دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا، مشتعل افراد نے پولیس چوکی نمبر 5 کو بھی آگ لگادی۔

انہوں نے واقعہ میں ملوث پولیس اہل کاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دھرنے کے باعث سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا۔ عوام کو کہنا تھا کہ 6 سے 7 گھنٹے گزر جانے کے باوجود پولیس یا ہائی وے اتھارٹی کا کوئی نمائندہ انہیں نظر نہیں آیا۔