جماعت ِ اسلامی سائٹ زون کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نورالحق کی رہائش گاہ قصبہ کالونی میں نا معلوم دہشت گردوں کا حملہ

کراچی (این این اے) جماعت اسلامی سائٹ زون کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نورالحق کی رہائش گاہ قصبہ کالونی میں نا معلوم دہشت گردوں کا حملہ، ڈاکٹر نورالحق کو کئی روز سے ٹیلی فون پر دھمکیاں مل رہی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ کالونی میں جماعت اسلامی سائٹ زون کے سیکریٹری ڈاکٹر نورالحق کے گھر پر منگل کی شب نا معلوم دہشت گردکریکر پھینک کر فرار ہو گئے۔

جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر پروفیسر نظام الدین میمن اور ضلع غربی کے امیر اسحاق خان نے ڈاکٹر نورالحق پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واردات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے۔

کہ حکومت حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کرے اور دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آپریشن کا شور مچا یا جا رہا ہے جب کہ دوسری طرف دہشت گرد اپنی کارروائیاں کرتے پھر رہے ہیں۔حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر نا کام ثابت ہوئے ہیں۔