جناح باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل کراچی باسکٹ بال کلب نے عثمان کلب کو شکست دیکر اپنے نام کر لیا

Basketball Tournament

Basketball Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) کے زیر اہتمام بانی قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت کی مناسبت سے با بائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شہر میں جاری کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا بھر پور انداز میں انعقاد کیا گیا ،مقابلوں کے اختتام پر عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ کراچی پر کھیلے گئے شاندار فائنل میں “شکریہ جناح “باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل کراچی باسکٹ بال کلب نے عثمان باسکٹ بال کلب کو 49کے مقابلے میں 59باسکٹ پوائنٹس سے شکست دیکر اپنے نام کرلیا ،فاتح کلب کی جانب سے انجینئر سید زین العابدین 24،دانیال احمد 16اور راج کمار لکھوانی نے16جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے شارق سلیمان 28،فیضان یوسف 10اور حمزہ پروانی نے 10پوائنٹس اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل ریفری طارق حسین ،زاہد ملک اور سید مصنف شاہ نے انجام دیئے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز زعیمہ خاتون ،ظفر اقبال اور ڈاکٹر نعیم احمد تھے ۔شکریہ جناح باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ KBBCکے دانیال احمد اور عثمان کلب کے شارق سلیمان کو فائنل کا مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔فائنل کے اختتام پر پاکستان رینجرز سندھ کے سیکٹر کمانڈر پرویز اقبال نے فاتح اور رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور کیش انعامات کے علاوہ فائنل کی دونوں ٹیموں کو شکریہ جناح میڈل پہنائے۔

اس موقع پر کمانڈنٹ قلندر ونگ پاکستان رینجرز سندھ کرنل ساجد شریف ملک ،میجر امیر حیدر اور رینجرز کے دیگر افسران کے علاوہ پاکستان ٹینس فیدریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی ،KBBAکے صدر غلام محمد خان ،لاہور سے آئے ہوئے سابق قومی باسکٹ بال کھلاڑی ملک مطاہرحسین ،قومی سلیکٹر عبدالناصر ،محمد یعقوب ،سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد سلیم خمیسانی ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمدارشد ،سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری عارف اعوان ایڈوکیٹ ،کراچی کے فنانس سیکریٹری اعجاز احمد قریشی ،پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سائوتھ شعبہ خواتین کی سیکریٹری اطلاعات نعیمہ بریڑو ،اسپورٹس جرنلسٹ شکیل یامین کانگا اور کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات موجود تھیں فائنل کے اختتام پر منعقدہ پرو وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ پاکستان رینجرز پرویز اقبال نے کہا کہ ہم اپنے الفاظوں سے بانی قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی بر صغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کے قیام کا شکریہ ادا کرہی نہیں سکتے با بائے قوم کی عظیم جد وجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے کہ ہم اور آپ آج ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں انہوںنے کہاکہ پاکستان رینجرز سندھ کے زیر اہتمام شکریہ جناح کے نام سے شہر میں منعقد ہ کھیلوں کے ایونٹ کا مقصد بانی قوم حضرت قائد اعظم محمدعلی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے اور الحمد اللہ کھیلوں کی شخصیات ،کھلاڑیوں اور عوام نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر اسے کامیاب بنایا ۔کمانڈنٹ پرویز اقبال نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ تعلیم کے حصول کو اول ترجیح دینے کے ساتھ صحت مند سرگرمیاں حاصل کرنے کے لئے کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اس موقع پر منتظم ٹورنامنٹ KBBAکے صدر غلام محمد خان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شہر کراچی میں کھیلوں کے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر پاکستان رینجرز سندھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایسی تقریبات سے جہاں کھلاڑیوں خصوصاً عوام کو جہاں صحت مند تفریحی سرگرمیوں کے مواقع میسر آتے ہیں وہیں صحت مند معاشرے کے قیام اور قیام امن میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔

جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر