کراچی ٹیسٹ: دوسری اننگز میں قومی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ، عابد اور شان کی سنچریاں

Karachi Test

Karachi Test

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 32 اور شان مسعود 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سری لنکا کی پہلی اننگز کی سبقت کو ختم کیا۔

عابد علی نے راولپنڈی ٹیسٹ کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی شاندار سنچری اسکور کی اور وہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سیکڑا اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

عابد علی اور شان مسعود کے درمیان 210 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے، عابد علی 106 اور شان مسعود 100 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر گرین کیپس پر 80 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔