ججز نظربندی کیس، پرویز مشرف کیخلاف 10 نئے گواہ سامنے آ گئے

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف مزید دس گواہ سامنے آ گئے۔ پولیس نے تیسرا نا مکمل چالان مرتب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے مرتب کئے گئے تیسرے نا مکمل چالان میں ڈپٹی سیکریٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق، پی ٹی وی نیوز سینٹر کے نمائندے راجہ ظہیر احمد اور ایمرجنسی کے دوران ججز کالونی میں تعینات چھ پولیس اہلکار بطور گواہ شامل ہیں۔

24 مارچ 2008 کو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے قومی اسمبلی میں ججوں کو بحال کرنے سے متعلق تقریر کی مصدقہ نقول بھی چالان میں شامل کی گئی ہیں۔ ڈپٹی سیکریٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق اس تقریر سے متعلق گواہی دیں گے۔ ایمرجنسی کے دوسرے روز چار نومبر دو ہزار سات کو سانق وزیر اعظم شوکت عزیز کی پریس کانفرنس کو بھی چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پی ٹی وی نیوز سینٹر کے نمائندے راجہ ظہیر احمد اس پریس کانفرنس کی ویڈیو ریکارڈنگ کے گواہ ہیں۔ پولیس نے تیسرا نامکمل چالان اسپیشل پبلک پر اسیکیوٹر عامر ندیم تابش کو بھجوا دیا ہے۔ پراسیکیوٹر 20 ستمبر کو چالان عدالت میں پیش کریں گے۔ مقدمے میں گواہوں کی کل تعداد 45 ہو گئی ہے۔ مقدمے کے مدعی محمد اسلم گھمن ایڈووکیٹ دستبرار ہو چکے ہیں جبکہ پراسیکیوٹر سید محمد طیب نے بھی مقدمے کی پیروی سے معذرت کی تھی۔