ججز نظر بندی کیس، مشرف کیخلاف دس ستمبر سے قبل چالان مکمل کرنے کی ہدایت

Musharraf

Musharraf

راولپنڈی (جیوڈیسک) ججز نظر بندی کیس میں مشرف کے خلاف چالان مکمل کرنے کیلئے پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش کا پولیس کو تیسرا خط، 10 ستمبر سے قبل چالان مکمل کرنے کی ہدایت۔ ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ دو مرتبہ خطوط بھجوانے کے باوجود مشرف کیخلاف چالان مکمل نہیں کیا جا سکا۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے پولیس کو 10 ستمبر سے قبل چالان مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ مکمل چالان عدالت میں پیش نہ ہونے کے باعث مشرف کی بریت کی درخواست التوا کا شکار ہے۔

خط کی نقول ایس ایس پی، ایس پی سٹی، ایس پی لیگل اور ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف پولیس نے ابھی ٹھوس شواہد اور شہادتیں اکٹھی نہیں کیں، چالان بروقت جمع نہ کرانے کا فائدہ ملزم پرویز مشرف کو ہو سکتا ہے۔