توہین عدالت کیس، عمران خان نے نیا جواب داخل کرا دیا

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے توہین عدالت کیس میں نیا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا،کہتے ہیں شرمناک کا لفظ پوری عدلیہ کے لیے نہیں بلکہ ریٹرننگ افسران کے لیے استعمال کیا تھا۔ تحریک انصاف کے چیئر مین کا اکیس صفحات پر مشتمل جواب ان کے وکیل حامد خان نے جمع کرایا۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسروں کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔ریٹرننگ افسران کے کام پر تبصرہ کرنے سے توہین عدالت لاگو نہیں ہوتی۔ انہوں نے شرمناک کا لفظ پوری عدلیہ کے لیے نہیں بلکہ ریٹرننگ افسران کے لیے استعمال کیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عدالت کو کبھی سکینڈلائز کرنے یا کسی جج کی تضحیک یا توہین کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے عدالت سے چھبیس جولائی کو جاری کیا گیا توہین عدالت کا نوٹس واپس لینے کی استدعا کی،سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل ہو گی۔