بس ہوسٹس سے جھگڑے پر ایم پی اے نگہت شیخ کی پارٹی رکنیت معطل

Nighat Sheikh

Nighat Sheikh

لاہور (جیوڈیسک) لاہور رکن پنجاب اسمبلی نگہت شیخ کو بس ہوسٹس سے جھگڑا مہنگا پڑ گیا۔ مسلم لیگ ن نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کیلئے تین روز کی مہلت دی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے انکوائری کی ہدایت کی تھی۔

رکن پنجاب اسمبلی نگہت شیخ نے چند روز پہلے اسلام آباد سے لاہور واپسی کے دوران پانی مانگنے کے معاملے پر بس ہوسٹس سے جھگڑا کیا اور اس کو تھپڑ مارا تھا۔ نگہت شیخ نے بس ہوسٹس کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کی ہدایت کر دی۔ پولیس نے اپنی تحقیقات میں نگہت شیخ کو قصور وار قرار دیا اور بس ہوسٹس کیخلاف مقدمہ درج کرنے والے ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا۔

مسافروں نے بھی اقرا کے حق میں گواہی دی جس کے بعد مسلم لیگ ن نے نگہت شیخ کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے۔ پارٹی کے صوبائی سیکرٹری راجہ اشفاق نے واضح کیا ہے کہ اگر تین روز میں تسلی بخش جواب نہ ملا تو تادیبی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب وزیراعلی پنجاب نے پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔