جسٹس مقبول باقر کے سکواڈ پر حملہ, 4 جاں بحق, متعدد زخمی

karachi

karachi

کراچی (جیوڈیسک) کے علاقے برنس روڈ پر سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کے سکواڈ پر حملے کی اطلاعات، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، کئی افراد کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ کراچی کے علاقے برنس روڈ پر دھماکے میں 4 افراد کی ہلاکت جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد لوگوں میں افراتفری پھیل گئی۔

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔ دھماکے میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کی اطلاعات ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کے شواہد اکھٹا کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کے سکواڈ کو ٹارگٹ کیا۔ جسٹس مقبول باقر کا قافلہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب رواں دواں تھا کہ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو ان کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے انھیں فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے دھماکے میں ایک پولیس وین اور موٹر سائیکل مکمل تباہ ہو گئی۔