کابل ہوائی اڈے پر دہشتگردوں کا حملہ

Afghanistan

Afghanistan

افغانستان (جیوڈیسک) کے دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے۔ کابل ایئرپورٹ سے ملحقہ نیٹو کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔ مبینہ طور پر خود کش حملہ آورں کی جانب سے فوجی اڈے کے اندر داخل ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔ حملوں کے بعد امریکی سفارت خانے میں ہنگامی الارم بجا دیئے گئے جبکہ سفارت خانے کے عملے کو لاڈ سپیکر پر محفوظ مقامات تک محدود رہنے کی ہدایات کی جاتی رہیں۔

حملے کے بعد کابل ایئرپورٹ کو تمام نیشنل اور انٹرنیشنل پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل پولیس نے بتایا ہے کہ ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس ایک گروہ نے کابل ہوائی اڈے کے قریب ایک عمارت پر قبضہ کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ کابل کا ہوائی اڈہ نیٹو فوج کا ملٹری بیس بھی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور وہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضع رہے کہ گزشتہ ماہ افغان سکیورٹی فورس نے کابل کے مرکز میں ایک بڑے دھماکے کے بعد چار گھنٹوں تک طالبان کے ساتھ جنگ کی تھی۔