کراچی : 3 سٹی وارڈنز اور ایم کیو ایم عہدیدار سمیت 9افراد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی(جیوڈٰسک)کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کاسلسلہ پھرشروع ہوگیا، صرف جمعرات کو تین سٹی وارڈنز اور متحدہ قومی موومنٹ کے عہدیدار سمیت 9افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہونے کے باوجود لگتاہے ملزمان کو استثنا حاصل ہے۔ سولجر بازار کے علاقے میں فاطمید اسپتال کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے فائرنگ کر کے تین سٹی وارڈنز راو شاہد، محمد فاروق اور محمد صادق کو قتل کردیا۔

جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری عمران بھی زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچے اور تفتیش شروع کی، موقع سے نائن ایم ایم پستول کے گیارہ سے زائد خول ملے۔اس سے قبل گلبرگ میں کیفے پیالہ کے قریب فائرنگ کر کے ایم کیوایم کے عہدیدار شیراز انور کو قتل کردیاگیا۔ نیو کراچی، کوئٹہ ٹاون، سپر ہائی وے، کھارادر اور شاہ فیصل کالونی نمبر 2میں فائرنگ کر کے چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

تقریبا تمام ہی وارداتیں ٹارگٹ کر کے کی گئیں اور تمام میں ہی ڈبل سواری پر ملزمان آئے بھی اور گئے بھی تاہم کوئی بھی گرفتار نہیں کیا جاسکا۔گزشتہ کچھ عرصے میں عباسی شہید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اسد عثمان، اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان سمیت پولیس اور ٹریفک وارڈنز سمیت دیگر ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملزمان موٹرسائیکل ڈبل سواری پر آئے تھے جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم ملزمان پر شاید اس کا نفاذ نہیں ہوتا۔