کراچی : مبینہ پولیس مقابلہ، محفوظ اللہ عرف بھالو فرار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث محفوظ اللہ عرف بھالو بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ اسکا ساتھی ہلاک ہوگیا۔

ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق کٹی پہاڑی پراچہ قبرستان کے قریب پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزم محفوظ اللہ عرف بھالو ہلاک ہوگیا۔ جس کیخلاف اورنگی ٹاون کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے۔

ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ملزم کے ساتھی اس کی لاش لے کر فرار ہوگئے جبکہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ایک شخص کی لاش اور ایک زخمی کو سول اسپتال لایا گیا زخمی شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ہلاک شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوپائی۔

ذرائع کے مطابق بھالو کی لاش نہیں ہے۔ جبکہ دیگر ذرائع کے مطابق کٹی پہاڑی قبرستان کے قریب بھالو مخالف گروپ کے حملے کے نیتجے میں زخمی ہو کر فرار ہوگیا جبکہ اس کا ایک ساتھی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔