کراچی : بم دھماکوں، دستی بم حملے میں تین افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) دہشت گردوں نے کراچی کو ایک مرتبہ پھر نشانہ بنایا ہے، مختلف علاقوں میں تین بم دھماکوں, دستی بم حملے میں تین افراد جاں بحق اور پندرہ سے زائد زخمی ہو گئے۔

کراچی میں سخت سیکورٹی کے باوجود ایم جناح روڈ پر کیپری سینما کے قریب بجلی کے ایک کٹے پول میں دھماکا ہوا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔

اس مقام سے چہلم امام حسین رضی اللہ عنہ کے مرکزی جلوس کو گزرنا ہے،ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات نے بتایا کہ پلانٹڈ ڈیوائس کیاجانے والا دھماکا ڈرانے اور خوف و ہراس پھیلانے کے لئے کیا گیا۔اورنگی ٹاؤن دس نمبر میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکا خیز مواد فٹ پاتھ کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے سے گزرنے والی ایک ریسکیو گاڑی کو نقصان پہنچا، واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں تیرہ سالہ بچہ بھی شامل ہے جبکہ تین رضا کار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں دھماکوں میں ڈیڑھ سے دو کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکوں میں زخمی ہونے والے افراد کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔۔ قصبہ کالونی ڈھائی نمبر پر دستی بم حملے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔