کراچی، مختلف علاقوں سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی قتل و غارتگری کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں سے چار افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تربت سے لاپتہ ہونے والے مزید دو افراد کی لاشیں بھی مل گئیں۔ فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی بھی ہو گئے۔ کراچی کے علاقے منگھو پیر سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔ دونوں کی شناخت عبدالرزاق بگٹی اور پٹھان بگٹی کے ناموں سے ہو گئی ہے۔ ان کا تعلق بلوچستان کے علاقے تربت سے تھا اور یہ تین ماہ سے لاپتہ تھے۔

گذشتہ روز بھی اس علاقے سے دو افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ دو روز میں بلوچستان سے لاپتہ چار افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ کراچی کے علاقے بھینس کالونی ریڑھی گوٹھ سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔

گلشن معمار میں گنا منڈی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ کورنگی کے علاقے میں بھی فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ گلشن معمار اور کورنگی کے مقتولوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔ کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری میں فائرنگ سے دو افراد شاہد اور ارشد زخمی ہو گئے۔