کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ کراچی میں اغوا، فائرنگ اور قتل اب روز کا معمول بن چکا ہے۔ سپر ہائی وے گڈاپ کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملیں جن کی شناخت نہیں ہو سکی۔

پولیس کے مطابق دونوں افراد کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ بھینس کالونی جوگی موڑپر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو مزید کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملیر میمن گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے20 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

سکھن کے علاقے جمعہ گوٹھ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے باون سالہ اسلم حیدر دم توڑ گیا۔ بھینس کالونی نمبر نو میں گھریلو تنازعے پر پچاس سالہ حنیف کو چھریوں کے وار سے قتل کر دیا گیا۔ بلدیہ سوات کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔