کراچی : فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد جاں بحق

Karachi firing

Karachi firing

کراچی (جیوڈیسک) میں لیاری کا علاقہ تین روز سے میدان جنگ بنا ہوا ہے تو وہیں شہر کے دیگر علاقے بھی ٹارگٹ کلنگ کی وبا سے محفوظ نہیں ہیں۔ شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دئیے گئے ہیں۔ کراچی لیاری گزشتہ تین روز سے فائرنگ اور دستی بم حملوں سے گونج رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود لیاری میں صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔

دوسری جانب سے شہر کے دیگر علاقے بھی ٹارگٹ کلنگ کی عفریت سے محفوظ نہیں ہیں۔ ناگن چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت کاشف کے نام سے کر لی گئی۔ ناظم آباد انڈر پاس کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد احمد حسین اور محسن رضا جاں بحق ہو گئے۔

جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی ہو گیا۔ سپر ہائی وے گنا منڈی کے قریب فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اے ایس آئی محبوب علی جاں بحق ہوا۔ بلدیہ ٹان کے علاقے مواچھ گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔