کراچی : فائرنگ ، دھماکے، تین افراد ہلاک پانچ زخمی

Karachi

Karachi

کراچی(جیوڈیسک) میں فائرنگ اور دھماکوں کے مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے۔ ایس پی اورنگی ٹاون چوہدری اسد کے مطابق منگھو پیر روڈ پر رینجرز کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے رینجرز کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، ٹوٹے ہوئے شیشے لگنے سے رینجرز کا سب انسپکٹر خلیل اور نائک شکور معمولی زخمی ہوئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ میں ایک کلو بارودی مواد، نٹ بولٹ اور بال بیئرنگ استعمال کئے گئے۔

سولجر بازار کے علاقے میں رہائشی عمارت پر نامعلوم افراد کریکر پھینک کر فرار ہوگئے، واقع میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پولیس نے بھی واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا، سپرہائی وے گنا خوندی منڈی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

چنیسر گوٹھ میں منشیات فروش دو گروپوں میں فائرنگ کے تبالے کے دوران دو افراد زخمی ہوئے، رات گئے نیو کراچی خمیسو گوٹھ سے ایک شخص کی تشدد زدہ بوری بند لاش ملی، ملیر عمار یاسر سوسائٹی میں بھی فائرنگ سے حنیف نامی شخص جاں بحق ہوا،میٹھا درتھانے کی حدود میں دو منشیات فروش گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران راہگیر زخمی ہوا۔