کراچی: فائرنگ کے واقعات،1 شخص جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ سائٹ کے علاقے میں پولیس مقابلے میں ایک بھتہ خور مارا گیا۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی ایوب گوٹھ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے اڑتالیس سالہ محمد منشا نامی شخص جاں بحق ہوا۔ قائد آباد کے علاقے مرتضی چورنگی کے قریب پولیس مقابلے کے دوران اے ایس آئی ملک نسیم زخمی ہوگیا۔ جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

صدر کے علاقے میں سینٹ پیٹرک چرچ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ کورنگی گودام چورنگی کے قریب بھی فائرنگ سے طارق نامی شخص زخمی ہوا۔ ادھر سائٹ اے کے علاقے میٹروول میں پولیس مقابلے کے دوران ایک بھتہ خور مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دکان سے بھتہ طلب کرنے آئے تھے۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں ایک بھتہ خور مارا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے بھتہ کی رقم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔