کراچی : فائرنگ اور دیگر واقعات میں 9 افراد جاں بحق، 3 زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر پر تشدد واقعات میں فائرنگ سے 9 افراد ہلاک ہوگئے اور 2 رینجرز اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق سندھی مسلم سوسائٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، کورنگی بدھ بازار میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ ملیر کھوکھراپار کے ایک گھر سے لاش ملی۔

اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کے قریب فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئی جس نے دوران علاج ھسپتال
میں دم توڑدیا۔ ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق لڑکی کو اس کے بھائی نے قتل کیا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ کراچی سیکٹر 5کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیاسی جماعت کے ایک کارکن جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی۔

ایک اور واقعے میں ناظم آباد 6 نمبر پاپوش نگر میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کرکے سرفراز نامی شخص کو قتل کردیا۔ مقتول کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا۔ ان واقعات کے بعد نیو کراچی اور پاپوش نگر میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے کاروبار اور دکانیں بند کرادیں۔

آئی سی آئی پل کے قریب فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایس پی آصف اعجاز شیخ کے مطابق منگھوپیر کواری کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رینجرزکے 2 اہلکار زخمی ہوگئے، دونوں کی شناخت سلیم اور فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔

ماری پور جعفر چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ لانڈھی لعل آباد میں فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ بلدیہ ٹاون نمبر 8 میں بھانجے نے چھریوں کے وار کرکے اپنی خالہ کا قتل کردیا۔