کراچی، سیلابی پانی ائیر پورٹ میں داخل، شاہراہ فیصل بھی ڈوب گئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی تا حال پانی میں ڈوبا ہوا ہے، سیلابی پانی نے شاہراہ فیصل اور ائیر پورٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، سعدی ٹائون میں لوگ گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور جبکہ ٹرپ ہونے والے 225 فیڈرز سے 100 فیڈر تاحال ٹھیک نہیں ہوسکے۔ سیلابی پانی بھٹائی آباد کی جانب سے ائیر پورٹ کے احاطے میں داخل ہو گیا، رن وے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ شاہرہ فیصل پر بھی پانی جمع ہو گیا ہے۔

کراچی کے علاقے سعدی ٹاون میں رات گئے آنے والے سیلابی ریلے کا پانی تاحال نہیں نکالا جا سکا، پاک فوج اور نیوی کی امدادی ٹیمیں لوگوں کو علاقے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ سعدی ٹاون میں بعض مقامات پر گھروں کی پہلی منزل تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہے جبکہ کم سے کم 6 فٹ تک پانی علاقے میں بہہ رہا ہے۔

کراچی میں ٹرپ کرنے والے دو سو پچیس فیڈرر میں سے ایک سو سے زائد فیڈرز کی بجلی تاحال بحال نہیں ہو سکی۔ کراچی میں بارش کے باعث کے ای ایس سی کے 225 فیڈر ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔

متاثرہ علاقوں میں پی ای سی ایچ ایس، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، سرجانی ٹان، بلدیہ، نصرت بھٹو کالونی، لیاری، لانڈھی اور سائٹ شامل ہیں۔ بجلی نہ ہونے سے شہریوں کی بڑی تعداد نے افطاری کے بعد سحری بھی اندھیرے میں کی،بجلی بندش سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی۔