کراچی: حکومت گڈز ٹرانسپورٹرز مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم نہ ہو سکی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ٹرانسپورٹ کی ہڑتال ختم کرانے کے لئے وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ کے ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کامیاب تو ہو گئے لیکن ہڑتال پھر بھی ختم نہ ہو سکی۔ گڈز ٹرانسپورٹ ہڑتال پر وفاقی حکومت کی خاموشی نے بالاخر دم توڑا۔ وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے ماڑی پور ٹرک اڈے پر ٹرانسپوٹرز سے ہڑتال ختم کرنے کے لئے مذاکرات کئے۔

پھر پریس کانفرنس کے دوران ٹرانسپورٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اقرار کیا کہ ہڑتال سے ملک میں انارکی پھیل رہی تھی جس پر صحافیوں نے سوال داغا کہ پھر وفاقی حکومت نے ہڑتال ختم کرانے کی کوشش پہلے کیوں نہ کی۔ وفاقی وزیر نے ٹرانسپوٹرز کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن ٹرانسپوٹرز یقین دہانیوں پر یقین کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے ہڑتال کا خاتمہ مانے گئے مطالبات کے نوٹی فیکیشن سے مشروط کر دیا ہے۔ مطالبات میں ستائیس دسمبر کو جلائی جانے والی گاڑیوں کے چوبیس کروڑ معاوضے کی ادائیگی بھی شامل تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ دور میں حکومت پاکستان نے جو وعدہ کیا تھا اس کا پاس موجود حکومت رکھے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امپوٹرز سے ڈیمرج چارجز نہیں لیں گے۔ وفاقی وزیر پرامید ہیں کہ پیر تک ہڑتال ختم ہوجائے گی۔