کراچی : لیاری میں 3 نوجوانوں کا قتل، علاقہ مکینوں کا احتجاج جاری

Karachi Protest

Karachi Protest

کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز کی فائرنگ سے تین نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف علاقہ مکینوں کا آئی سی آئی برج پر احتجاج جاری ہے، اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

آئی سی آئی برج پر مظاہرین نے ماڑی پور سے کیماڑی اور مائی کولاچی جانے والی شاہراہوں پر کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں جس کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، مائی کولاچی روڈ اور ماڑی پور روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

احتجاج میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر رینجرز اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ احتجاجیوں نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے احتجاج جاری رہے گا۔