کراچی میں امن و امان کی بگڑی ہوئی صورتحال بھی تشویش ناک ہے، ڈا کٹر عبدالقدیر خان ،چوہدری خورشید زمان

اسلام آباد : تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور کزی سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے میں 80 سے زائد افراد کی ہلاکت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز میں ایک عرصہ سے امن ناپید ہو چکا ہے دہشت گرد خون کی ہولی کھیلنے میں مصروف ہیں بعض طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتی ہیں۔

کوئٹہ میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے دھماکہ میں بے گناہ لوگوں کی شہادت اس سلسلے کی کڑی ہے۔ دہشت گرد اسلام اور وطن عزیز کے دشمن ہیں جو آئے روز گھنائونے کھیل کے ذریعے نہتے عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے محض زبانی دعووں کی حد تک ہی رہی ہے اور گورنر راج کے نفاذ کے باوجود کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں انہوں نے تحفظ عزاء داری کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی بھی کیا انہوں نے کراچی میں امن و امان کی بگڑی ہوئی صورتحال کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تشویش ناک امر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے روشنیوں کے شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد صورتحال سنگین ہو چکی ہے شہر قائد میں بھی حکومت امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔