کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں ڈاکوں نے اسلحہ کے زور پر بینک لوٹ لیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے نجی بینک سے چار ملزمان 21 لاکھ سے زائدرقم لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج ذرائع نے حاصل کرلی۔ پولیس کے مطابق منگل کی سہ پہر بلدیہ ٹان میں رشید آباد کے ایک نجی بینک میں 6 مسلح ملزمان آئے جن میں سے چار بینک کے اندر داخل ہوئے جبکہ دو مسلح ڈاکووں نے بینک کے باہر تعینات گارڈز کو قابو کرکے غیر مسلح کر دیا۔ بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے ایک ملزم بینک میں داخل ہوا، پھر دوسرا۔

دونوں نے اندر موجود گارڈ کو قابو کیا اور پھر تیسرا ملزم داخل ہوا۔ ملزمان نے بینک میں موجود ملازمین اور دیگر افراد کو بیٹھنے کا کہا۔ بینک ملازم کی بھی تلاشی لی اور اس کی جیب سے بھی پیسے نکالے۔ ملزمان کا ایک ساتھی کیش کاونٹر پر گیا جیب سے کپڑے کا تھیلا نکالا اور کیش کاونٹر کی ساری رقم تھیلے میں ڈالنے کے بعد اسٹرانگ روم کی جانب چلا گیا۔ اسٹرانگ روم کو لاک پانے کے بعد بینک مینیجر کو بلایا اور اسلحے کے زور پر اسے اسٹرانگ روم کا تالا کھولنے کا کہا۔

جس کے بعد تمام رقم تھیلے میں ڈالنے کے بعد جس طرح آرام سے آئے تھے باآسانی چلے بھی گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسٹرانگ روم سے 21 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد رقم لوٹی، جبکہ بینک انتظامیہ کی جانب سے الارم بجایا گیا، نجی سیکیورٹی کمپنی کے اہلکار دیر سے پہنچے۔