کراچی : پی ایس 128 کے 6 پولنگ اسٹیشن پر آج دوبارہ پولنگ ہو گی

Polling Station

Polling Station

کراچی (جیوڈیسک) میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 128 کے 6 پولنگ اسٹیشن پر فوج کی نگرانی میں آج ری پولنگ ہو گی ، عوامی نیشنل پارٹی اور تحریک انصاف نے بائیکاٹ کر دیا۔ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 128 کے 6 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

پولنگ اسٹیشن پر پولیس ، رینجرز کے ساتھ فوجی اہلکار بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر ملیر محمد یامین کا کہنا ہے کہ پر امن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ساڑھے 9 ہزار سے زائد ووٹر حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

6 پولنگ اسٹیشن پر انتخابات کے لئے پولنگ کا سامان بھی پریزائڈنگ افسران کے حوالے کر دیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اور تحریک انصاف نے 6 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔