کراچی میں امن کیلئے انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں امن کیلئے رینجرز کو اختیارات دینے کیلئے قائم کمیٹی نے سفارشات کی منظوری دیدی، انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم کے بعد ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی گواہی دی جاسکے گی۔

وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا اجلاس چیئرمین زاہد حامد کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے کراچی میں آپریشن کیلئے انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی۔ ترمیم کے بعد گواہ وڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی گواہی دے سکیں گے۔ شہر میں کسی بھی بڑے واقعہ کی تحقیقات جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کرے گی۔ کمیٹی میں مقدمے کا تفتیشی افسر بھی شامل ہو گا اور وہی چالان بھی عدالت میں پیش کرے گا۔

رینجرز وفاقی حکومت سے درخواست کے بعد کسی بھی ملزم کو حراست میں رکھ سکے گی۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری ختم کرنے کیلئے ہر زون میں ایک ایک تھانہ قائم کرنیکا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تھانے میں رینجرز افسران بھی تعینات ہونگے۔ سنگین جرائم کے مقدمات بھی اسی تھانے میں درج ہونگے۔ اجلاس میں بھتہ خوری کی شکایت پر پولیس افسر کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔