کراچی : ایس پی شاہ محمد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن میں ایس پی شاہ محمد کے قتل اور چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث ٹارگٹ کلر سمیت 30 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی میں پولیس اور رینجرز کے چھاپے اور ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسہ جاری ہے۔ سی آئی ڈی پولیس نے ایس پی شاہ محمد اور چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث ملزم اعجاز گورچانی کی گرفتاری ظاہر کر دی۔

ملزم نے دوران تفتیش 7 افراد کے قتل اور ٹارگٹ کلرز کی ٹیم چلانے کا بھی اعتراف کر لیا ہے۔ مبینہ ٹاون پولیس نے 6 افراد کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کے کارکن یونس کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ رینجرز نے مبینہ ٹان میں چھاپہ مار کر بھتہ خوری کی سینکڑوں وارداتوں میں ملوث ملزم آصف عرف بلال کو گرفتار کر لیا۔

ملزم بھتہ وصولی کے لیئے بدنام زمانہ دہشتگرد احمد علی مگسی کا نام استعمال کیا کرتا تھا۔ رینجرز نے ایک دوسری کارروائی کے دوران حب ریور روڈ سے دو بھتہ خوروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے ایک معروف تاجر سے 30 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔

شیریں جناح کالونی میں چھاپے کے دوران رینجرز نے آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری رفیق کاکڑ کو حراست میں لیا تاہم انکی گرفتاری کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ٹارگٹڈ کاروائیاں سرجانی ٹاون، مہران ٹاون، داود گوٹھ غریب آباد، رنچھور لائن اور نیو کراچی کے علاقوں میں بھی کی گئیں ج میں گینگ وار ملزمان سمیت 30 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔