کراچی میں مزید 497 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق

Dengue

Dengue

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ڈینگی نے ڈیرے جما لیے۔ ڈینگی سرویلنس سیل سندھ نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 497 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی ہے جبکہ رواں برس اس مرض میں مبتلا 12 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

ڈینگی سرویلنس سیل کے انچارج ڈاکٹر شکیل ملک کے مطابق کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2100 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ کراچی سمیت صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2500 سے زیادہ ہو گئی ہے، صرف کراچی میں رواں سال ڈینگی بخار سے 12 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے محکمہ صحت سندھ کا قلمدان اویس مظفر سے وزیراعلی سندھ نے واپس لے لیا تھا لیکن وہ اپنی دیگر مصروفیات کے باعث محکمہ صحت کے حساس معاملات کو صحیح طریقے سے دیکھ نہیں پا رہے اور ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔