کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کا اہم ملزم ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے کیماڑی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کا اہم ملزم مارا گیا جبکہ فیروز آباد میں پولیس مقابلے کے دوران لوٹ مار میں ملوث 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ کیماڑی کے علاقے جیکسن میں پولیس مقابلہ ہوا، جس کے دوران لیاری گینگ وار کا ایک اہم ملزم مارا گیا۔

ایس پی سٹی شیراز نذیر نے بتایا کہ مقابلے کے دوران 2 گینگ وار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ایس پی شیراز نذیر کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے سجاد کھتری گروپ سے ہے جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق فیروز آباد کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ، 2 ملزمان غلام سرور اور اسمعیل کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا۔گرفتارملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول، چھینی گئی موٹر سائیکل اور نقدی بھی ملی ہے۔